میرپور خاص:لیگی نائب صوبائی صدر نے بجلی مسئلہ حل کرادیا
بلوچ پاڑے میں 100کے وی ٹرانسفارمر باربار جل جاتا تھا، 200کے وی نصبعلاقہ مکینوں کا خوشی کا اظہار، مسلم لیگ (ن) کی حمایت اور شمولیت کا اعلان کر دیا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر آصف معراج راجپوت کی خصوصی کاوشوں سے جمناداس بلوچ پاڑے میں بجلی کے دیرینہ مسئلے کا حل نکال دیا گیا، مکینوں نے چند روز قبل بجلی کے سنگین مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے شکوہ کیا تھا کہ 100کے وی کا پرانا ٹرانسفارمر بار بار جل جاتا ہے ، بار بار خرابی سے نہ صرف بجلی فراہمی متاثر ہوتی تھی بلکہ پینے کے پانی سمیت روزمرہ زندگی کے دیگر معاملات بھی بری طرح متاثر ہو رہے تھے ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق انہوں نے اس مسئلے کے حل کیلئے متعدد بار پیپلز پارٹی کے نمائندوں خاص کر پیپلز پارٹی کے یوسی چیئرمین حنیف میمن اور ایم این اے اور ایم پی اے سے رابطہ کیا، تاہم کوئی پیشرفت نہ ہو سکی یہ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر آصف معراج راجپوت نے فوری نوٹس لیا اور حیسکو کے اعلیٰ حکام بالخصوص فیض اللہ ڈاہری سے رابطہ کیا۔ آصف معراج راجپوت کی کوششوں کے نتیجے میں متعلقہ علاقے میں 200 کے وی کا نیا ٹرانسفارمر نصب کرا دیا گیا، ٹرانسفارمر کی تنصیب پر رہائشیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آصف معراج راجپوت کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر علاقہ مکینوں نے نواز شریف زندہ باد اور شہباز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے اور کہا کہ وہ ماضی میں ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے رہے تاہم انکے مسائل نواز لیگ نے حل کرائے ۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔