پرتگال کا دورہ برآمدات کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا:علی ہمایوں

 پرتگال کا دورہ برآمدات کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا:علی ہمایوں

معاہدوں‘ ملاقاتوں سے گوجرانوالہ کی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں بہتر رسائی ملے گی

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر‘نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس نے مقامی صنعت اور تجارت کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے اور ملکی برآمدات میں اضا فے کیلئے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اپنا پہلا اعلیٰ سطح تجارتی وفد پرتگال روانہ کر دیا ۔ وفد کی روانگی سے قبل گوجرانوالہ چیمبر میں الوداعی تقریب میں صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ، سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی اور نائب صدر فیصل ستار مغل نے وفد کے ارکان سے ملاقات پرنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علی ہمایوں نے کہا پرتگال کا یہ تجارتی دورہ گوجرانوالہ کی برآمدی صنعت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے ۔ وفد کاپرتگال کے معروف مینوفیکچررز، درآمد کنندگان اور کاروباری تنظیموں کے ساتھ اہم بزنس ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا ہے ، دونوں ممالک کی تجارتی تنظیموں میں متعدد اہم ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔ ان معاہدوں اور ملاقاتوں سے گوجرانوالہ کی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں بہتر رسائی حاصل ہوگی، نئے کاروباری روابط قائم ہونگے اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو سکے گا۔ سعد جمیل عرفانی اور فیصل ستار مغل نے کہا چیمبر قیادت گوجرانوالہ کی صنعت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ امید ہے پرتگال کا یہ دورہ مقامی صنعتکاروں کیلئے نئے تجارتی مواقع پیدا کریگا اور ملک میں قیمتی زرِ مبادلہ کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔وفد کے ارکان نے کہا بیرونِ ملک تجارتی روابط اور نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا موجودہ انتظامیہ کی قابلِ تحسین کامیابی ہے جسکے گوجرانوالہ کی صنعت اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں