گیپکو: نئے ڈیزائن کے بل ارسال، ٹیکسزکو چھپانے پر احتجاج
الفاظ ، ہندسوں کا سائز اس حد تک چھوٹا کہ پڑھنا محال، اہم نکات خفیہ رکھنے پرصارفین بل کی حقیقت،چارجز سے لاعلم رہیں گے ،پراناڈیزائن بحال کرنیکامطالبہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو نے گوجرانوالہ ڈویژن کے 55 لاکھ صارفین کے نئے بجلی بلوں کا نئے ڈیزائن کیساتھ اجرا کردیا جس میں بلوں پر لگے مختلف ٹیکسز ،فی کلو واٹ پر عائد فکس چارجز سمیت اہم نکات خفیہ رکھے گئے جس سے بلوں میں شامل چارجز سے صارفین لاعلم رہیں گے ۔گیپکو کی جانب سے صارفین کو بھیجے جانے والے ماہانہ بلوں کے ڈیزائن میں تبدیلی سے صارفین پریشان ہوگئے ۔ ریونیو عملہ کو بھی مشکلات کا سامنا ،نئے بل کے ڈیزائن میں بڑا کیو آرکوڈ شامل کیا گیا ہے جسکی آڑ میں ٹیکسز کے روایتی کالم کو انتہائی مہارت سے چھپا دیا گیا ہے ۔ نئی تبدیلی کے بعد بل پر درج الفاظ اور ہندسوں کا سائز اس حد تک چھوٹا کر دیا گیا ہے کہ عام افراد، بالخصوص بزرگ صارفین کیلئے بل کو پڑھنا اور اس میں شامل چارجز کو سمجھنا محال ہو گیاہے ۔ اب نئے ڈیزائن نے انکی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ عوامی حلقوں میں یہ تاثر تیزی سے ابھر رہا ہے کہ گیپکو نے یہ اقدام اصل بل پر عائد ظالمانہ اور کمر توڑ ٹیکسوں کی تفصیلات کو عوام کی نظروں سے اوجھل رکھنے کیلئے جان بوجھ کر اٹھایا ہے تاکہ صارفین کو یہ معلوم نہ ہو سکے کہ ان سے اصل بجلی استعمال کے مقابلے میں کتنا زیادہ ٹیکس لیا جا رہا ہے ۔
کیو آر کوڈ میں ان اہم تفصیلات کو چھپانے سے صارفین کو اپنے بل کی حقیقت جاننے کیلئے سمارٹ فونز اور انٹرنیٹ جیسی ٹیکنالوجی کا سہارا لینا پڑے گاجو ملک کے بڑے طبقے ، خصوصاً دیہی علاقہ مکینوں کی پہنچ سے دور ہے ۔صارفین نے شدید احتجاج کرتے کہاہے کہ بلوں پر تحریر اتنی باریک اور دھندلی ہے کہ اسے پڑھنے کیلئے چشمے یا میگنی فائینگ گلاس کی ضرورت ہے جو سراسر ناانصافی اور صارفین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ گوجرانوالہ اور گردونواح کے شہریوں، تاجر برادری اور سماجی تنظیموں نے حکومت، وزارتِ توانائی اور نیپرا سے مطالبہ کیاہے کہ فوری نوٹس لیکر بلوں کے اس پیچیدہ اور ناقص ڈیزائن کو منسوخ اور پرانے ، واضح اور بلنگ ڈیزائن کو بحال کیا جائے۔