معاون خصوصی، کمشنر اور آر پی او کا جلوس کے روٹس کا دورہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر سرگودھا بھر میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور عزاداری جلوسوں کے انتظامی و سکیورٹی امور کی نگرانی کیلئے نامزد معاون خصوصی برائے انسپکشن ٹیم شعیب مرزا نے کمشنر حافظ شوکت علی اور آر پی او شہزاد آصف کے ہمراہ تحصیل کوٹ مومن اور بھلوال کا تفصیلی دورہ کیا۔
معاون خصوصی، کمشنر اور آر پی او نے کوٹ مومن اور بھلوال میں مرکزی جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور حساس تنصیبات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جلوسوں کے تمام روٹس پر پیچ ورک، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس کی فعالیت، تجاوزات کے امور مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہیں اور لائیو مانیٹرنگ کا نظام بھی موجود ہے ۔معاون خصوصی شعیب مرزا نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔