ایف ڈی اے میں بجٹ کی تیاری، ریکوری تیز کرنیکی ہدایت

 ایف ڈی اے میں بجٹ کی تیاری، ریکوری تیز کرنیکی ہدایت

ڈی جی کا مالی نظم و نسق، شفافیت اور کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کاحکم

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ادارے کے سالانہ بجٹ 2026-27 کی تیاریوں اور مختلف نوعیت کے بقایا جات کی ریکوری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ ریونیو ریکوری مہم کی موجودہ صورتحال اور شعبہ جاتی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بجٹ کی تیاری کا عمل مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ ادارے کے مالی استحکام کے لیے بقایا جات کی وصولی کی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ریونیو اہداف کو زمینی حقائق کے مطابق طے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے آمدن میں اضافے کی خاطر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے جبکہ اخراجات کو کم سے کم سطح پر رکھنے کے لیے کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ مالیات کی تقسیم میں شفافیت اور منصفانہ اصولوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر ہو سکے ۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ریکوری اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بقایا جات کی وصولی میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں