آر ایم کے روڈ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، ڈی سی مری
پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، اجلاس سے خطاب
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت آر ایم کے روڈ پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ شرکا کو منصوبے کے مختلف مراحل پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹوں اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آر ایم کے روڈ منصوبہ علاقے کی ترقی، سیاحت کے فروغ اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لیے منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنائیں اور منصوبے کے ہر مرحلے کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کریں، تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھو تا نہ کیا جائے اور تمام کام متعلقہ فنی معیارات کے مطابق انجام دیئے جائیں۔