کمشنرکی مختلف شہریوں سے ملاقات، مسائل و شکایات سنیں
شکایات کے فوری حل کی ہدایت، غفلت اور تاخیر ناقابل برداشت :مسرت جبیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی اوپن ڈور پالیسی پر بلاتعطل عملدرآمد جاری ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات تفصیل سے سنیں۔کمشنر نے ڈویژنل اور ضلعی محکموں کے افسروں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر میرٹ کے مطابق کارروائی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی، سرکاری اداروں میں شفافیت اور شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ ڈویژنل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد عام شہری کو بلا رکاوٹ انتظامیہ تک رسائی دینا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے ۔کمشنر نے بتایا کہ ریونیو، میونسپل سروسز، صحت، تعلیم، تجاوزات، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر شہری مسائل کے حوالے سے شکایات کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں اور ہر درخواست گزار کو عزت، سہولت اور بروقت ریلیف فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔