آلودگی پھیلانے کیخلاف کریک ڈائون 5 بھٹے مسمار
کرپشن کی شکایات پر تحصیل انسپکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ،عصمت اللہ جیسک کو مبینہ طور پر فرنٹ مین کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، بلا امتیاز کارروائی جاری رکھنے کا اعلان
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ آفیسر تحفظ ماحولیات سرگودھا نے تحصیل ساہیوال میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے بھٹہ خشت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 بھٹے مسمار کر دئیے ، جبکہ کرپشن کی شکایات پر تحصیل انسپکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کو تحصیل ساہیوال میں آلودگی پھیلانے اور مبینہ کرپشن سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ تحصیل انسپکٹر محمد سہیل نے بعض عناصر سے مبینہ طور پر رشوت کے عوض غیر قانونی سہولتیں فراہم کر رکھی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایک شخص عصمت اللہ جیسک کو مبینہ طور پر فرنٹ مین کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جو کنٹرول شیڈز کے معائنے ، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کروانے اور این او سی کے اجرا کے بدلے مبینہ طور پر رقوم وصول کرتا تھا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تحصیل ساہیوال میں تقریباً 35 بھٹے موجود ہیں جہاں سرکاری ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر معیاری اور خطرناک مواد جیسے پولٹری ویسٹ، ربڑ، پلاسٹک اور توڑی وغیرہ استعمال کرکے اینٹیں تیار کی جا رہی تھیں، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر تحفظ ماحولیات محمد رانا نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی، جس کے دوران الزامات درست ثابت ہونے پر تحصیل انسپکٹر محمد سہیل کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر محمد نثار کو تعینات کر دیا گیا۔کارروائی کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 5 بھٹہ خشت مسمار کر دیے گئے ، جبکہ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات محمد رانا نے کہا کہ متعدد بار نوٹسز کے باوجود بعض بھٹہ مالکان نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا، جس پر یہ سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔