محرم انتظامات کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا کنٹرول روم کا دورہ
محرم انتظامات کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا کنٹرول روم کا دورہکنٹرول روم میں تعینات محکمہ ایجوکیشن، سوئی گیس، واپڈا کے عملہ کی حاضری چیک کی
خوشاب (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے محرم الحرام کے سلسلے میں ڈی سی کمپلیکس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے محرم الحرام کے لیے کیے گئے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات، شہر خوشاب و جوہرآباد کی شاہراہوں اور جلوسوں کے روٹس کا کیمروں کی مدد سے تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں تعینات محکمہ ایجوکیشن، سوئی گیس، واپڈا، زراعت، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے عملے کی حاضری بھی چیک کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی غزالہ کنول نے انہیں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم میں سوشل میڈیا اور کیمرہ سسٹم پر مہارت رکھنے والا متحرک عملہ فوری طور پر تعینات کیا جائے تاکہ تمام معاملات مؤثر انداز میں مینج کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم میں تعینات تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی ایمانداری، ذمہ داری اور قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔ کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے اور تمام ایمرجنسی کالز فوری طور پر ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ اداروں تک پہنچائی جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔