عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی :ڈپٹی کمشنر بھکر
عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی :ڈپٹی کمشنر بھکر جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے :احسان علی جمالی
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور ویژن کی روشنی میں محرم الحرام کے دوران عزادارانِ امام حسین ؓ کو ہر ممکن سہولیات، فول پروف سیکیورٹی اور بہترین انتظامات کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو رائے ذوالفقار علی، اے ڈی سی جی ارشد وٹو، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز غلام محی الدین رضا، فیض فرید، ظہیر الدین بابر اور محمد شفیق سمیت متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ امام حسین ؓ کو پرامن ماحول، بہترین سہولیات اور مؤثر انتظامات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں کے ساتھ پورٹیبل واش رومز بھی قائم کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر بجلی کی تاروں اور دیگر برقی تنصیبات کی فوری مرمت کی جائے اور عشرہ محرم کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے ۔اجلاس میں محکمہ صحت کو جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر میڈیکل کیمپس اور فیلڈ ہسپتال قائم کرنے ، جبکہ ریسکیو سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔