سرداریوسف سے سفیر ترکیہ کی ملاقات،اُمہ کودرپیش مسائل پر گفتگو

سرداریوسف سے سفیر ترکیہ کی ملاقات،اُمہ کودرپیش مسائل پر گفتگو

مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے ترک صدر کی کوششیں لا ئق ستائش، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے گزشتہ روز ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ترکیہ کے مذہبی امور کے اتاشی ڈاکٹر عبدالرحمن اکوش، ٹیکا پاکستان کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُونا اور ترک ہلال احمر کی نمائندہ بھی موجود تھیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ترک صدر کی کوششیں لا ئق تحسین ہیں۔ انہوںنے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار اور پاکستان کی امن پسند پالیسی سے بھی ترک سفیر کو آگاہ کیا۔ ترک سفیر نے کہا ترکیہ کی حکومت پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کو پوری امت مسلمہ کی مضبوطی تصور کرتی ہے۔ انہوںنے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور اتحاد ناگزیر ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں