یومِ عاشور پر فول پروف انتظامات کئے جائیں،صہیب بھرتھ
راولپنڈی میں تمام محکمے 6محرم الحرام سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیںنفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے پر فوری کارروائی کی جائے، اجلاس سے خطاب
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت راولپنڈی ڈویژن میں یومِ عاشور کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سی اینڈ ڈبلیو کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال اور مری کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ یومِ عاشور کے تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے، نفرت انگیز یا اشتعال انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مری میں یومِ عاشور کے دوران سیاحوں اور گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر خصوصی مانیٹرنگ ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کیلئے جامع انتظامات کیے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے 6محرم الحرام سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔