ایس ای سی پی کا ڈیجیٹل نظام کے فروغ کا اعلان

ایس ای سی پی کا ڈیجیٹل نظام کے فروغ کا اعلان

ریگولیٹری اداروں اورتاجروں میں فاصلے کم کرنا ضروری :کمشنر مظفر احمد مرزا معاشی استحکام کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر :صدرچیمبرفاروق یوسف شیخ

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے کمشنر مظفر احمد مرزا نے کہا ہے کہ ریگولیٹری اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان فاصلے کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ SECP کا موجودہ وژن کاروبار دوست اصلاحات، آسان کمپلائنس اور ڈیجیٹل سہولتوں کے فروغ پر مرکوز ہے ۔انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹر کا کردار صرف نگرانی نہیں بلکہ کاروبار کی سہولت کاری اور ترقی کو یقینی بنانا بھی ہے ۔ ان کے مطابق SECP کی پالیسی Beneficial Regulation کے تصور پر مبنی ہے جس کا مقصد کاروباری اداروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور غیر ضروری پیچیدگیوں کو کم کرنا ہے ۔کمشنر نے بتایا کہ کمپنی رجسٹریشن کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار بنایا جا رہا ہے تاکہ کاروباری افراد اپنے تمام امور گھر یا دفتر سے ہی انجام دے سکیں۔

اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا صنعتی شہر اور ریونیو جنریشن میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے ۔ فیصل آباد ملک کی برآمدات میں 57 فیصد سے زائد حصہ ڈال رہا ہے اور ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ دیگر صنعتیں بھی ترقی کر رہی ہیں۔ معاشی استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے اور تمام اداروں کو مل کر آسان کاروباری ماحول (Ease of Doing Business) کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور متعدد تجاویز حکومت کو پیش کی گئی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر اعزازی شیلڈ پیش کی گئی اور مہمانوں نے یادگاری تاثرات بھی درج کیے۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں