پولیس حراست سے منشیات فروش کے فرار کا مقدمہ درج، دو اہلکار نامزد

پولیس حراست سے منشیات فروش کے فرار کا مقدمہ درج، دو اہلکار نامزد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپر مارکیٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار منشیات فروش عمیر کے فرار ہونے کے معاملے پر آرام باغ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔۔۔

۔پولیس حکام کے مطابق مقدمہ اے ایس آئی ممتاز خان کی مدعیت میں غفلت اور لاپرواہی سے متعلق دفعات کے تحت درج کیا گیا جبکہ مقدمے میں اہلکار اویس اور انور علی کو نامزد کیا گیا ہے ۔متن کے مطابق ملزم عمیر کو 16 جون کو مجاز عدالت میں پیش کرکے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا ،تفتیشی ٹیم منشیات بطور کیس پراپرٹی کیمیکل ایگزامنر سندھ کے دفتر جمع کرانے گئی۔ اس دوران سب انسپکٹر نوشاد عالم اور اے ایس آئی سہیل بیگ دفتر کے اندر موجود تھے جبکہ ملزم پولیس موبائل میں اہلکار اویس اور انور علی کی نگرانی میں تھا۔مقدمے کے مطابق اہلکار انور علی نے فون پر اطلاع دی کہ ملزم عمیر ہتھکڑی سے ہاتھ نکال کر فرار ہوگیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اہلکار اویس اور انور علی سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام نے اے ایس آئی ممتاز خان، کانسٹیبل اویس، کانسٹیبل انور علی اور ڈرائیور محمد آصف کو معطل کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں