محرم سیکیورٹی پلان:غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، وزیر داخلہ
جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے ، ضیا الحسن لنجار
کراچی (این این آئی)سینٹرل پولیس آفس کراچی میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی پلان اور کنٹی جنسی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام اضلاع، رینجرز اور پولیس زونز اپنے سیکیورٹی پلان کو مزید موثر بنائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حساس جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے جب کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سرچ اینڈ کومبنگ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے جب کہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور ایمرجنسی رسپانس یونٹس کو مکمل فعال رکھا جائے ۔