گلشن حدید میں آوارہ کتوں کی بھرمار، مکین خوفزدہ،اقدامات کامطالبہ

گلشن حدید میں آوارہ کتوں کی بھرمار، مکین خوفزدہ،اقدامات کامطالبہ

بچے کھیل کے میدانوں میں گھبراتے ،خواتین اور بزرگ راہ چلتے عدم تحفظ کا شکار متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی،شہریوں کی شکایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد علاقہ مکینوں کیلئے سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے ۔ گلیوں، پارکوں، کھیل کے میدانوں اور رہائشی علاقوں میں آوارہ کتوں کے غول آزادانہ گھومتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث بچوں، خواتین، بزرگوں اور دیگر شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔مکینوں کے مطابق علاقے میں آئے روز کتوں کے کاٹنے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، جن میں بچے اور راہگیر بھی متاثر ہوتے ہیں، تاہم اس کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر اور مستقل کارروائی نظر نہیں آتی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ موجود ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بچے کھیل کے میدانوں میں جانے سے گھبراتے ہیں جبکہ خواتین اور بزرگ بھی صبح و شام پیدل چلتے ہوئے عدم تحفظ کا شکار رہتے ہیں۔ متعدد بار شکایات کے باوجود آوارہ کتوں کی تعداد کم کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ۔شہریوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کے تدارک کیلئے فوری طور پر خصوصی مہم چلائی جائے ، متاثرہ علاقوں میں باقاعدگی سے ٹیمیں تعینات کی جائیں اور مستقل بنیادوں پر ایسا نظام بنایا جائے ۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں کسی بھی حادثے کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں