بجٹ سنے بغیر رد کرنا درست نہیں، مرتضیٰ وہاب

بجٹ سنے بغیر رد کرنا درست نہیں، مرتضیٰ وہاب

سیاسی عمل میں برداشت ناگزیر، ترقیاتی ایجنڈے پر گامزن رہیں گے ،میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بنیادی کام حکومت کی مخالفت کرنا ہوتا ہے اور اگر اپوزیشن حکومت کی تائید کرنے لگے تو وہ اپنی سیاسی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکتی۔ سندھ ہائی کورٹ میں غیر رسمی گفتگو میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپوزیشن کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں ہر فریق کا ایک واضح کردار ہوتا ہے جس کے مطابق ہی سیاسی عمل آگے بڑھتا ہے ۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے تھا کہ وہ بجٹ پیش کیے جانے کے بعد اس پر اپنا مؤقف مرتب کرتی اور بحث کے بعد کوئی فیصلہ کرتی، تاہم اپوزیشن نے بجٹ پیش ہونے سے قبل ہی اسے مسترد کر دیا تھا جو درست طرز عمل نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن پہلے ہی سے ایک طے شدہ ذہن لے کر آئی تھی اور انہوں نے بجٹ پر سنجیدہ غور کیے بغیر ہی اسے رد کر دیا۔ ان کے مطابق سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن جمہوری روایات کے تحت معاملات کو سننے اور سمجھنے کا موقع دیا جانا چاہیے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ حکومت اپنی پالیسیوں اور ترقیاتی کاموں پر عمل جاری رکھے گی جبکہ اپوزیشن کا کردار اپنی جگہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی عمل میں برداشت اور سنجیدگی ضروری ہے تاکہ نظام بہتر انداز میں چل سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں