257 مستحق افراد میں3،3 مرلہ کے پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم
وزیراعلیٰ کا ویژن ہر مستحق خاندان کو باعزت اور محفوظ رہائش کی فراہمی :ڈی سی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام اپنی زمین، اپنا گھر کے تحت فیصل آباد میں مستحق افراد میں رہائشی پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے 257 مستحق افراد میں 3،3 مرلہ رہائشی پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پھاٹا راؤ ناصر اور ڈپٹی ڈائریکٹر پھاٹا چوہدری سلطان بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے مستحق افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن ہر مستحق خاندان کو باعزت اور محفوظ رہائش کی فراہمی ہے ۔ اپنی زمین، اپنا گھر پروگرام غریب اور بے گھر خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو رہا ہے۔
جس کے ذریعے مستحق شہریوں کو اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کا موقع مل رہا ہے ۔ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے اور یہ پروگرام شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مستحق افراد کو سہولت فراہم کر رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوامی خدمت کے منصوبوں کے ثمرات صوبے بھر میں مستحق خاندانوں تک پہنچ رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر مستحق افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو بے گھر خاندانوں کے لیے خوشی اور امید کی نوید قرار دیا۔