ٹرانسپورٹرز کاای چالان، جرمانوں کیخلاف آج بھی ہڑتال کااعلان
حکومت سے مذاکرات ناکام، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی شہر میں پہیہ جام ہڑتالہرجانب سے مایوسی کے بعد پہیہ جام ہڑتال کا فیصلہ کیا، حاجی تواب خان، گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے ای چالان، بھاری جرمانوں اور دیگر مطالبات منوانے کیلئے آج بھی ہڑتال کااعلان کردیا۔ جمعرات کو شہر میں پہیہ جام ہڑتال کی گئی، رات سے مختلف اڈوں پر کھڑی بسیں علی الصبح سڑکوں پرنہیں آسکیں، پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے یومیہ بنیاد پر بسوں سے سفر کرنیوالے شہری اسٹاپ پر بسوں، منی بسوں اور کوچز کے منتظر رہے ۔شہریوں کی بہت بڑی تعداد کا انحصار پبلک ٹرانسپورٹ پرہے۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر حاجی تواب خان نے کہا کہ جمعرات کو صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دوران ڈیڈلاک برقرار رہا جس کا کوئی معنی خیرنتیجہ نہیں نکل سکا، لہٰذا جمعے کو بھی ٹرانسپورٹ بند رکھی جائیگی۔ان کا کہنا تھا کہ پہیہ جام ہڑتال کا فیصلہ مختلف صوبائی اداروں سے رابطوں کے فقدان اور ہرجانب سے مایوسی کے بعد کیا، پبلک ٹرانسپورٹرز کا سب سے بڑا مطالبہ یہ کہ ای چالان کے جرمانوں کا حجم کم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ای چالان کے بعد مینول چالان کا سلسلہ بند ہوجائیگا مگر ایسا نہیں ہوا۔ مینول چالان بھی ہورہے ہیں، 3ماہ گزر چکے مگر صوبائی حکومت نے سبسڈی کی مدمیں ایک دھیلا بھی نہیں دیا۔ فی الوقت ہڑتال غیرمعینہ مدت کیلئے ہے ۔ تاہم اس دوران اگر نمائندہ تنظیموں کے اجلاس میں کوئی نیا فیصلہ ہوا تو اس کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔