بجلی کا بل ادا نہ کرنے والوں سے سرکاری کوارٹرز خالی کرانے کا حکم
کراچی (آئی این پی) بجلی بل ادا نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں سے سرکاری کوارٹرز خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماہانہ تنخواہوں سے براہِ راست کٹوتی کی جائے گی۔
گارڈن میں واقع پولیس لائنز کے رہائشی اہلکاروں کی جانب سے بجلی کے بل ادا نہ کرنے پر محکمہ پولیس نے سخت تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔بجلی بل ادانہ کرنے والے اہلکاروں کی رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز ساؤتھ کی رپورٹ پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے نادہندہ اہلکاروں کے خلاف فوری اور عملی ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ بجلی کے بلوں کی مد میں لاکھوں اور کروڑوں روپے کے بقایاجات رکھنے والے اہلکاروں سے متعلق سرکاری دستاویزات سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگے ۔ سرکاری دستاویزات اور پولیس حکام کے احکامات میں نادہندہ اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔پالیسی کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر سرکاری کوارٹرز میں مقیم 19 پولیس اہلکاروں کی الاٹمنٹ فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے۔