ناظم آباد ٹاؤن، نئے مالی سال کیلئے 2.80ارب کا بجٹ منظور
ترقیاتی کاموں، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور تعلیم کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ٹاؤن کوسہولتوں کی فراہمی ترجیح ، ذرائع آمدنی بڑھانے ہونگے ،سیدمحمد مظفر
کراچی (این این آئی)چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سیدمحمد مظفر نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کا مالی سال برائے 2027-2026 کے لئے 2 ارب 80 کروڑ20 لاکھ53ہزار171روپے کا بجٹ پیش کردیا، کونسل نے بجٹ اتفاق رائے سے منظور کیا۔اس موقع پرچیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمدمظفرنے کہا کہ بلا شبہ بجٹ اعداد وشمار پر مشتمل ایسی دستاویز ہے جس پر خلوص نیت کے ساتھ عملدرآمد کرکے شہریوں کی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق ترقیاتی کام انجام دیے جاسکتے ہیں، بلدیاتی اداروں کی بقا محاصل پر ہے اور بجٹ بناتے وقت ہمیں ذرائع آمدنی کو سامنے رکھتے ہوئے اخراجات کرنا ہوتے ہیں۔
بجٹ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت،لنک روڈز اور اندرونی گلیوں کی مرمت و درستگی، نالوں کی تعمیرو مرمت اورپارکس و پلے گرانڈز اور نرسریز کی بحالی اور تزین آرائش، میکینکل اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، کتب خانہ جات اور اسکولوں کی بحالی، تعمیر کیلئے ساتھ ساتھ اسکالر شپ پروگرام اور تعلیمی کارڈ کے اجرا کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی گئی ہے ۔ اراکین کونسل نے اس سال کے بجٹ جو کہ (2 ارب 80کروڑ20 لاکھ53 ہزار171)روپے آمدن، (2 ارب10 کروڑ 85 لاکھ 38 ہزار 202)روپے اخراجات اور (9لاکھ74ہزار 969)روپے بچت کے ساتھ مرتب کرنے پر چیئرمین ناظم آباد ٹان کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین سید محمد مظفر نے کہا کہ اہلیان ناظم آباد ٹاؤن کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے ناظم آباد کو اپنے ذرائع آمدنی بڑھانے ہونگے۔