شادی شدہ خاتون کی پراسرار موت، پولیس تحقیقات شروع
سہیلی کے ساتھ گھر سے نکلنے والی خاتون اسپتال میں چل بسی، پوسٹ مارٹم کا فیصلہ
کراچی(این این آئی)کلفٹن بلاک 1 میں 35 سالہ شادی شدہ خاتون کی پراسرار ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے ، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خاتون کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت عائشہ زینت کے نام سے ہوئی، جنہیں گزشتہ رات تشویشناک حالت میں ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔ابتدائی تحقیقات کے دوران متوفیہ کے شوہر انور شاہ نے پولیس کو بتایا کہ عائشہ قائدآباد کی رہائشی اور ایک بچے کی والدہ تھیں۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ رات اپنی ایک سہیلی کے ساتھ گھر سے نکلی تھیں، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔
پولیس نے شوہر کا ابتدائی بیان قلمبند کر لیا ہے ، جبکہ خاتون کی نقل و حرکت، سہیلی سے ملاقات اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی حقیقت سامنے لائی جا سکے ۔تفتیشی حکام نے کہا کہ موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فارنزک شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ خاتون کی موت طبعی تھی، حادثاتی تھی یا اس کے پس پردہ کوئی مجرمانہ عنصر موجود ہے ۔پولیس حکام نے کہا کہ تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments