سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کو واجبات کی ادائیگی کا حکم

سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کو واجبات کی ادائیگی کا حکم

پنشن ، واجبات ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کا قانونی حق ،ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے ٹی ایم سیز کے مرحوم سینیٹری ورکرز کی بیواؤں کو پنشن اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹاتے ہوئے کے ایم سی کو ہدایت کی ہے کہ مرحوم ملازمین کے اہل خانہ کو چھ ہفتوں کے اندر تمام واجبات ادا کیے جائیں۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں کے شوہروں کے انتقال کے باوجود انہیں پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات ادا نہیں کیے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک درخواست گزار مقدس معذور خاتون ہیں اور اپنے اہل خانہ کی واحد کفیل ہیں، جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث متاثرہ خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ مرحوم ملازم ندیم کے تمام واجبات ایک ماہ کے اندر ادا کر دیے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرحوم امانت مسیح کے واجبات سے متعلق فائل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کو موصول ہو چکی ہے ، جبکہ اہل خانہ کو فیملی پنشن ماہانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے ادا کی جا رہی ہے ۔ کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سندھ حکومت پنشن کی ادائیگی کے لیے ہر ماہ 20 کروڑ روپے فراہم کر رہی ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پنشن اور ریٹائرمنٹ واجبات ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کا قانونی حق ہیں، جنہیں غیر معینہ مدت تک روکا نہیں جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...