بار بار تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا فیصلہ
ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر عرصہ دراز سے قائم غیرقانونی دکانوں کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے آپریشن تیز سرکاری زمینیں واگزار کرانے کیلئے مہم تیز کرنے کا فیصلہ،کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں انسداد تجاوزات آپریشن کا تفصیلی جائزہ
کراچی (این این آئی) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری زمینوں پر قبضوں، سڑکوں کے کنارے قائم تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ اور انسدادِ تجاوزات سے متعلق جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بار بار تجاوزات قائم کرنے والے افراد کے خلاف صرف تجاوزات ہٹانے تک محدود رہنے کے بجائے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے تاکہ غیرقانونی قبضوں اور تجاوزات کی مستقل روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر عرصہ دراز سے قائم غیرقانونی دکانوں کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔کمشنر کراچی کو بتایا گیا کہ ضلع وسطی میں فردوس مارکیٹ، لالو کھیت سے غیرقانونی کاؤنٹرز اور پلیٹ فارم ہٹا دیے گئے ہیں، جبکہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ لیاقت آباد، غریب آباد اور سندھی ہوٹل کے اطراف بھی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرینا موبائل مارکیٹ سے تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، جبکہ ضلع شرقی میں دو پنکچر شاپس، تین کیبنز ہٹا دیے گئے اور ایک کیبن ضبط کر لیا گیا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع ملیر میں ملیر 15 اور ایم نائن موٹروے کے اطراف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ ضلع کورنگی میں سنگر چورنگی، سنگر پل، بارہ ہزار روڈ، غوثیہ اور بابر مارکیٹ میں کیے گئے آپریشن کے دوران 100 سے زائد ٹھیلے اور 50 سے زائد اسٹالز اور کیبنز ہٹا دیے گئے ۔کمشنر کراچی کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہر کے تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر انسدادِ تجاوزات کی کارروائیاں جاری ہیں اور سرکاری زمینوں پر قبضوں، غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر ٹریفک نظام اور عوامی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments