موبائل فونز چھیننے کے واقعات میں اضافہ

 موبائل فونز چھیننے کے واقعات میں اضافہ

وزیراعلیٰ سندھ کی پولیسنگ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت ،منظم جرائم پیشہ گروہوں اور دہشت گردی کے سہولت کاروں کا قلع قمع کیا جائے ، مراد علی شاہمجموعی طور پر جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ، آئی جی کی بریفنگ،اجلاس میں سیکورٹی صورتحال، جرائم کے رجحانات، انسداد دہشتگردی اور سیف سٹی کا جائزہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔اجلاس میں صوبے بھر کی سکیورٹی صورتحال، جرائم کے رجحانات، انسداد دہشت گردی کارروائیوں، انسداد منشیات مہم، کچے کے علاقوں میں آپریشنز اور سیف سٹی پراجیکٹ اور سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم (ایس فور) سمیت جدید نگرانی کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیائالحسن لنجار، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی آزاد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ جنوری تا جون 2026 کے اعدادوشمار کا 2025 کی اسی مدت سے موازنہ کیا جائے تو قتل کے واقعات میں 17.3 فیصد، قتل کے ساتھ ڈکیتی میں 19.4 فیصد، زخمی کرنے والی ڈکیتی میں 25.4 فیصد، ڈکیتی اور رہزنی میں 18.9 فیصد، کار چھیننے کے واقعات میں 23.9 فیصد، موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 31.1 فیصد اور موٹر سائیکل چوری میں 22.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم موبائل فون چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی آزاد خان نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کراچی میں مجموعی اسٹریٹ کرائم میں 11.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈکیتی کے دوران ہلاکتوں میں 38.3 فیصد، زخمی ہونے کے واقعات میں 39.1 فیصد، گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 24.3 فیصد اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 27.8 فیصد کمی آئی۔آئی جی نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے تحت کراچی بھر میں ایک ہزار 325 نگرانی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، جو اصل ہدف سے بھی زیادہ ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹریفک ریگولیشن اینڈ اسٹیشن سسٹم (ٹریکس) کے تحت 12 لاکھ 40 ہزار سے زائد ڈیجیٹل ٹریفک چالان جاری کیے گئے ، جس کے نتیجے میں ٹریفک حادثات میں 44 فیصد، ہلاکتوں میں 19 فیصد اور زخمی ہونے کے واقعات میں 27 فیصد کمی آئی۔امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موجودہ رفتار برقرار رکھنے اور انسدادی پولیسنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ جرائم پیشہ عناصر، دہشت گردوں، منشیات فروشوں اور بھتہ خوروں کے خلاف کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...