سکھر:سخت گرمی کے بعد مون سون کی پہلی بارش، موسم خوشگوار
طویل دورانئے بعد شہریوں کو راحت ملی، نشیبی علاقے زیرآب، ٹریفک روانی متاثرسینکڑوں سیپکو فیڈر ٹرپ کرگئے ، گھنٹوں بجلی فراہمی معطل، مکمل بحالی میں ناکامی
سکھر، روہڑی (نمائندگان)سکھر، روہڑیاور گرد و نواح میں موسم برسات کی پہلی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے بعد چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے شہریوں کو طویل عرصے بعد راحت کا احساس دلایا، بدھ کے روز دن بھر آسمان پر گھنے سیاہ بادل چھائے رہے ، بارش کے باعث شہر بھر میں سیپکو کے سینکڑوں بجلی فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں روہڑی،سکھر اور ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں، کئی علاقوں میں بار بار بجلی آنے اور جانے کا سلسلہ بھی جاری رہا، تاہم سیپکو حکام بجلی کی مکمل بحالی میں ناکام رہے ۔ دوسری جانب بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تاہم خوشگوار موسم کے باعث شہریوں نے بارش کو رحمت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا شہریوں کا کہنا تھا کہ مون سون کی بارش نے شدید گرمی اور حبس سے وقتی نجات دلائی ہے شہریوں نے سیپکو حکام سے مطالبہ کیا کہ بارش کے دوران بجلی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ معمولی بارش پر فیڈرز ٹرپ ہونے اور طویل لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے عوام کو نجات مل سکے دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بھی بعض علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments