لائن سپرنٹنڈنٹ کوہتھکڑی لگانے کیخلاف سیپکو ملازمین کی ہڑتال
ماتھیلو میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر عدالت نے امجد کوہتھکڑی لگوا کرجیل بھیجاموقف سنے بغیر ہتھکڑی لگوانے پرسیپکو، واپڈا ملازمین کا ڈویژن آفس میں احتجاج
گھوٹکی(نمائندہ دنیا)گھوٹکی میرپور ماتھیلو میں بجلی کی بندش کے معاملے پر مقامی عدالت کی جانب سے سیپکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ امجد نوناری کو طلب کرکے ہتھکڑی لگانے اور جیل بھیجنے کے واقعے کیخلاف سیپکو اور واپڈا ملازمین نے سب ڈویژن آفس گھوٹکی میں شدید احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتال کی۔ احتجاج کی قیادت ہائیڈرو یونین سیپکو سکھر کے ریجنل چیئرمین نثار احمد شیخ اور وائس چیئرمین شجاعت علی گھمرو نے کی۔ احتجاج میں عقیل احمد جونیجو، مقصود احمد ملاح، جاوید احمد عباسی، زونل سیکرٹری ربنواز کلوڑ، جوائنٹ سیکرٹری زاہد حمید قریشی، سلیم احمد سمیجو، لالا نزاکت پٹھان، عبداللہ سومرو، ایکسین سیپکو گھوٹکی تاج محمد ماکو، ایس ڈی او ٹو نوید عمران شیخ، ایس ڈی او خانپور مہر سید امجد شاہ، ماجد علی ہکڑو، بشیر احمد کورائی، آغا شعیب، بشیر احمد کورائی، عابد شاہ، عظیم عباسی، عاشق علی منگی، لالا یوسف پٹھان سمیت سکھر، پنوعاقل، گھوٹکی، ڈھرکی، اوباڑو اور میرپور ماتھیلو کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہائیڈرو یونین کے رہنماؤں نثار احمد شیخ، شجاعت علی گھمرو اور دیگر نے کہا کہ کسی سرکاری ملازم کو مکمل تحقیقات، شواہد اور مؤقف سنے بغیر ہتھکڑی لگا کر اس کی ویڈیو وائرل کرنا نہ صرف قانون بلکہ سرکاری ملازمین کی عزتِ نفس کے بھی خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور فنی خرابیوں کی ذمہ داری نچلے درجے کے ملازمین پر عائد نہیں کی جا سکتی، جبکہ سیپکو ملازمین محدود وسائل اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ رہنماؤں نے چیف جسٹس اور اعلیٰ عدالتی حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments