گھوٹکی:چہلم حضرت حسینؓ پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کافیصلہ
ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس، فوج، رینجرز، سیپکو، حساس اداروں ودیگر کی شرکتمجالس، جلوس مقررہ وقت پرمنعقد، روٹس کی فوری صفائی یقینی بنائینگے ، منظور احمد کنرانی
میرپور ماتھیلو (نمائندہ دنیا)ضلع گھوٹکی میں چہلم حضرت حسینؓ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پاک فوج کے کرنل احسن، میجر عقیل، کیپٹن عبدالباسط، رینجرز، حساس اداروں، محکمہ صحت، سیپکو، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم عارف عباسی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جلوسوں، مجالس کے دوران سکیورٹی، صفائی، بجلی، طبی سہولیات، ہنگامی امداد اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا مجالس اور جلوس مقررہ وقت پر منعقد کیے جائیں تاکہ بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے اور متعلقہ اسپتالوں اور اسٹیشن پر ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، ڈپٹی کمشنر نے تمام میونسپل افسران کو بھی ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام روٹس کی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے ، تمام مین ہولز کو محفوظ طریقے سے بند کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کہا کہ ضلع گھوٹکی ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کی بہترین مثال رہا ہے ، تاہم ملک دشمن عناصر مذہبی مواقع پر انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر چوکس رہنا ہوگا، تاکہ کسی شرپسند کو امن خراب کرنے کا موقع نہ مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments