لاڑکانہ:یوم آزادی کے سلسلے میں مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری
ایوب کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس میں انعقاد، کھیل صحتمند زندگی کیلئے ضروری، سرفراز کھوکھر
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں لاڑکانہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ اسپورٹس محکمہ لاڑکانہ کے تعاون سے محمد ایوب کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس لاڑکانہ میں جوڈو کراٹے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع لاڑکانہ کی مختلف ٹیموں، جن میں ٹائیگر کراٹے کلب، چمپئنز کراٹے کلب اور سوئیٹ ہوم کراٹے کلب شامل ہیں، نے شرکت کی۔ جوڈو کراٹے کے مقابلوں میں ضلع لاڑکانہ کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سخت مقابلے ہوئے ، جہاں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں، مہارت اور کھیل کے جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی سرائے سرفراز کھوکھر، چیئرمین سچل ٹاؤن لاڑکانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ایسے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں، ہمت اور مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے بہترین مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ اسپورٹس کی جانب سے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایسے مقابلوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ، تاکہ لاڑکانہ کے نوجوان ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ اس موقع پر پہلی پوزیشن ٹائیگر کراٹے کلب، دوسری پوزیشن چمپئنز کراٹے کلب جبکہ تیسری پوزیشن سوئیٹ ہوم کلب نے حاصل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments