اپٹما کا سرکاری ہسپتالوں کیلئے 2 کروڑ روپے مالیت کی پانچ جدید انیستھیزیا مشینوں کا عطیہ
جدید مشینیں جرمنی سے درآمد کی جا رہی ہیں اور جلد فیصل آباد پہنچ جائیں گی،سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات مزید بہتر ہوں گی، دیگر صنعتی ادارے بھی تعاون کریں:کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کے ساتھ مخیر حضرات، صنعتکاروں اور کاروباری تنظیموں کا تعاون بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کی جانب سے تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کی پانچ جدید انیستھیزیا مشینوں کا عطیہ ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔انہوں نے یہ بات یومِ آزادی کی مرکزی تقریب کے دوران کہی، جہاں چیئرمین اپٹما ملک باؤ اکرم اور سابق چیئرمین حافظ محمد اصغر نے اپٹما کی جانب سے پانچ جدید انیستھیزیا مشینوں کے عطیے کا علامتی ڈونیشن کارڈ کمشنر فیصل آباد کے حوالے کیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ جدید مشینیں جرمنی سے درآمد کی جا رہی ہیں اور جلد فیصل آباد پہنچ جائیں گی۔کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اپٹما کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی سہولیات، آلات اور ضروری وسائل سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول میں فیصل آباد کے صنعتکاروں، مخیر شخصیات اور تجارتی تنظیموں کا تعاون انتہائی قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر صنعتی اور کاروباری ادارے بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments