پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام اولین ترجیح ، کاظم عباس
آزادی کا دن ملکی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا تقاضا کرتا ہے پرامن اجتماعات اور سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنا افسوسناک ہے ،گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر جناب کاظم عباس کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے مزار قائد پر حاضری دی۔وفد میں علامہ صادق جعفری صوبائی رہنما، ڈویژنل رہنما زین رضوی، علامہ غلام عباس، علامہ نشان حیدر، کلیم زیدی، امتیاز زیدی، وحدت یوتھ کے ڈویژنل ذمہ داران حسن ملک، علی رضوی سمیت اضلاع اور ٹاون کے ذمہ داران شامل تھے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل صدر جناب کاظم عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام کی تاریخ ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد اور لازوال کردار سے عبارت ہے ۔ ہمارے آباؤ اجداد نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے اپنی جانوں، مال اور گھروں کی قربانیاں دیں اور اسی جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت حاصل ہوئی۔ اس لیے پاکستان کی بقا، سلامتی، خودمختاری اور استحکام ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عہد کی تجدید کا دن ہے ۔ ہمیں اس موقع پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ملک کی سلامتی کے خلاف ہر سازش کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے ۔یہ امر افسوسناک ہے کہ 14 اگست جیسے قومی دن کے موقع پر بھی بعض اوقات ہمارے پُرامن اجتماعات اور قومی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یومِ آزادی ہر پاکستانی کا حق ہے اورآزادی کے 79ویں قومی دن کو اتحاد، محبت، بھائی چارے اور پاکستان سے وفاداری کے جذبے کے ساتھ منانے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments