سلیم مانڈوی والا کا گرلز کالج ہنزہ کا دورہ ، ترقیاتی کاموں کا اعلان
منصوبوں میں سولر پاور سسٹم، جدید آئی ٹی لیبارٹری اور صاف پینے کے پانی کی سہولت شامل
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )چیف وہپ سینیٹ اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ہنزہ کا دورہ کیا اور تعلیمی سہولیات میں بہتری، طالبات کیلئے جدید اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی اور ادارے کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے متعدد ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا۔ ان اقدامات میں سولر پاور سسٹم، جدید آئی ٹی لیبارٹری اور صاف پینے کے پانی کی سہولت شامل ہیں۔طالبات اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ محنت، عزم اور مستقل مزاجی کامیابی کی بنیادی کنجیاں ہیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تعلیم میں نمایاں کارکردگی کے حصول کے ساتھ اپنے اندر اعتماد پیدا کریں اور ایسی صلاحیتیں پروان چڑھائیں جو انہیں پاکستان کے مستقبل میں مؤثر اور مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔ جدید آئی ٹی لیبارٹری کے قیام سے طالبات کو ڈیجیٹل دور کی ضروری مہارتیں حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ سولر انرجی سسٹم بجلی کی زیادہ پائیدار اور قابلِ اعتماد فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments