مہنگی روٹی شہریوں کیلئے دردِ سر بن گئی،20روپے کی فروخت
گندم آٹا روٹی کی قیمتیں بڑھا کر گرانفروشی جاری ،ادارے فرضی کارروائیوں تک محدود
لاہور (عمران اکبر )مہنگی روٹی شہریوں کیلئے دردِ سر بن گئی ،سادہ روٹی کی سرکاری قیمت 14 روپے ،بند کمرہ میں زبانی طے شدہ قیمت 17روپے جبکہ شہر کے تندوروں پر روٹی 20روپے کی فروخت ہو رہی ہے ، گندم آٹا اور روٹی کی قیمتیں ازخود بڑھا کر کھلے عام گرانفروشی جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق نان روٹی ایسوسی ایشن اور محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن میں سادہ روٹی 17روپے بیچنے کا زبانی فارمولہ طے ہونے پرضلعی انتظامیہ کو تندوروں پر چھاپے مارنے سے روک دیا گیا تھا ،17روپے کی روٹی بیچنے کا مراسلہ جاری نہیں کیا گیا جبکہ پنجاب میں سرکاری گندم کا فی من ریٹ 3800سو روپے ہے ،لاہورمیں 4ہزار 7سو 50 روپے فی من فروخت جاری ،دس کلو کا آٹا تھیلا11سو 30روپے کامل رہااور 20 کلووالا تھیلا لاہور سمیت دیگر شہروں میں نایاب ہے ۔مہنگائی کی اڑان نہ رک سکی ،فوڈ سیفٹی ، پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فرضی کارروائیوں تک محدود ہیں ۔دوسری جانب ڈی جی فوڈ امجد حفیظ کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام فلور ملز فعال ہیں ،آٹا پسائی جاری ہے ،بلا تعطل فراہمی کیلئے مسلسل نگرانی جاری ہے ۔ سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید کا کہنا ہے کہ مہنگی گندم آٹا اور روٹی بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments