ترقیاتی منصوبے فنڈز کمی کا شکار،بجٹ اجرا میں تاخیر

ترقیاتی منصوبے فنڈز کمی کا شکار،بجٹ اجرا میں تاخیر

بجٹ اجرا میں تاخیر سے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے ،دوسرے مرحلے کے مکمل فنڈز جاری نہ ہوسکے ،تیسرے کیلئے بھی رقم نہ ملی، کام کی رفتارمتاثر ہونے کا خدشہ واسا، ایل ڈی اے کے منصوبوں کیلئے بھی فنڈز کا اجرا مکمل نہ ہوسکا، تاریخی علاقے ،نئے انڈرپاسز ، فلائی اوورز ،بندروڈکوریڈورزاورپارکنگ پلازے بھی فنڈز کے منتظر

لاہور(شیخ زین العابدین )پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے فنڈز کی کمی کا شکار، ترقیاتی بجٹ کے اجرا میں تاخیر کا انکشاف ،لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے مکمل فنڈز جاری نہ ہوسکے ، تیسرے مرحلے کیلئے بھی رقم نہ مل سکی۔تکمیل کے قریب منصوبوں سمیت واسا، ایل ڈی اے کے منصوبوں کیلئے بھی مطلوبہ فنڈز کا اجرا مکمل نہ ہوا۔متعدد منصوبے فنڈز کے منتظر ، ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔ذرائع کے مطابق واسا کے نئے واٹر ٹینکس کی تعمیر کیلئے فنڈز بھی مکمل جاری نہ ہوسکے ۔واسا ماسٹر پلان 2040 کے تحت ٹرنک سیورز کی تعمیر کیلئے بھی فنڈز کا اجرا نہ ہوسکا، ایل ڈی اے کے رواں مالی سال کے نئے انڈرپاسز اور فلائی اوورز بھی فنڈز کے منتظر ہیں۔بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور کے جاری منصوبے کیلئے باقی ماندہ فنڈز جاری نہ ہوسکے ، بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور فیز ٹو کیلئے بھی رقم جاری نہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔لاہور کے تاریخی علاقوں سے متعلق ترقیاتی منصوبے بھی مکمل فنڈنگ سے محروم ہیں۔ریلوے سٹیشن، بھاٹی گیٹ،مصری شاہ، بادامی باغ منصوبے کیلئے مختص چار ارب روپے میں سے دو ارب تاحال جاری نہ ہوسکے ۔بھاٹی گیٹ اپ گریڈیشن فیز ٹو کیلئے بھی فنڈز کا اجرا نہ ہوسکا، منصوبے میں پانچ اعشاریہ چھ کلومیٹر طویل سرکلر گارڈن کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے ۔شہر میں پارکنگ منصوبے بھی فنڈز اجرا کے منتظر ہیں۔نیلا گنبد اورناصر باغ پارکنگ پلازوں کیلئے بھی مکمل فنڈز جاری نہ ہوسکے ، یوں پنجاب میں متعدد جاری منصوبے ، نئے ترقیاتی منصوبے اور تکمیل کے قریب پہنچنے والے منصوبے فنڈز کے منتظر ہیں، ترقیاتی بجٹ کے بروقت اجرا کا معاملہ منصوبوں کی پیشرفت کیلئے اہم بن گیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...