حکومت پانی، سیوریج ٹیرف میں اضافہ واپس لے ، ارسلان خالد

حکومت پانی، سیوریج ٹیرف میں اضافہ واپس لے ، ارسلان خالد

شہری پہلے ہی بوند بوند کوترس رہے ، نئے نرخوں کانفاذ ظلم، تحریک انصاف رہنماپانی چوری، ٹینکر مافیا کوسرکاری سرپرستی حاصل، واٹر کارپوریشن کرپشن کا گڑھ، بیان

کراچی (این این آئی)تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد نے سندھ حکومت کی جانب سے شہر میں پانی اور سیوریج کے ٹیرف میں 7.05 فیصد اضافے کے گزٹ نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے اسے کراچی کے عوام پر پانی کا بم قرار دیدیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ارسلان خالد کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری پہلے ہی بوند بوند پانی کوترس رہے ہیں، ایسے میں واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے نئے نرخوں کانفاذ شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی، اور اسکا یہ فیصلہ واضح کرتا ہے کہ اسے غریب عوام کی پروا نہیں۔ ارسلان خالد نے الزام عائد کیا کہ شہر میں پانی کی چوری اور ٹینکر مافیا کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔

واٹر کارپوریشن شہریوں کو لائن کا پانی دینے کے بجائے ٹینکر مافیا کو فروغ دے رہی ہے اور اب اوپر سے جائز حق مانگنے پر کراچی والوں کو مہنگائی کا نیا تحفہ دیدیا گیا۔ واٹر کارپوریشن کرپشن کا گڑھ بن چکی، جہاں عوام کو ریلیف کے بجائے صرف لوٹ مار مچائی گئی ہے ۔ ارسلان خالد نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ظالمانہ گزٹ نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کراچی کے عوام کے حقوق کا تحفظ کریگی اور ناانصافی کیخلاف آواز اٹھائی جائیگی۔ عوام پر مسلسل بوجھ ڈالنے والے حکمران اب مزید اقتدار میں رہنے کا حق نہیں رکھتے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...