ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل کا دورہ ،گندگی کے ڈھیر موجود
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل کا دورہ ،گندگی کے ڈھیر موجود صفائی ہر صورت صبح 9 بجے سے پہلے مکمل کی جائے تاکہ بازار صاف ستھرے نظر آئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز،ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی محمد عاطف سندھو نے ہفتہ کی دوپہر شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے محمدی کالونی، بلاک نمبر 15 اور 16 سمیت شہر کے مختلف علاقوں، گلیوں، محلوں اور بازاروں میں صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔بعض مقامات پر دوپہر کا وقت گزرنے کے باوجود گندگی کے ڈھیر موجود پائے گئے ، جبکہ صفائی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہ تھی۔ جس پر انہوں نے ڈسٹرکٹ منیجر اور تحصیل منیجر کو موقع پر طلب کرلیا اور ان کی سرزنش کرتے ہوئے فوری طور پر گندگی کے ڈھیر اٹھانے اور صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔ اے ڈی سی میونسپل سروسز نے کہا کہ صبح سویرے شروع ہونے والا صفائی آپریشن دوپہر تک جاری رہنے کے باوجود اگر گندگی کے ڈھیر موجود ہوں تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صفائی آپریشن کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے ، اس لیے تمام متعلقہ افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی آپریشن کو موثر بنایا جائے اور صبح سویرے شروع ہونے والی صفائی ہر صورت صبح 9 بجے سے پہلے مکمل کی جائے تاکہ دن کے آغاز پر شہر کی گلیاں، محلے اور بازار صاف ستھرے نظر آئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments