روہڑی:2برادریوں میں تصادم، علاقہ میدان جنگ، 8افراد زخمی
ون ویلنگ کے دوران موٹر سائیکل لگنے سے کشیدگی، علاقے میں خوف، 5گرفتار
روہڑی (نمائندہ دنیا)کربلا میدان میں ون ویلنگ کے دوران موٹر سائیکل لگنے کے معاملے پر جاگیرانی اور بھارو برادریوں کے نوجوانوں میں جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔ دونوں گروپوں کے درمیان لاٹھیوں، اینٹوں اور مبینہ اسلحے کا آزادانہ استعمال اور فائرنگ کے باعث علاقہ میدانِ جنگ بن گیا، اور اطراف میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، مکین گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ۔ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر لاٹھیوں، اینٹوں اور اسلحے سے حملے کیے گئے ، جس کے نتیجے میں ارشاد بھارو، سلیم بھارو، نبی بخش بھارو، عیدن بھارو، علی گل، دلی جان اور نبی بخش سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے ۔
جھگڑا تقریباً نصف گھنٹے تک جاری رہا، جس کے باعث کربلا میدان اور اطراف کے علاقوں میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر روہڑی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پاتے ہوئے جاگیرانی برادری کے 3 جبکہ بھارو برادری کے 2 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر دونوں گروپوں کے متعدد افراد بھی اسپتال پہنچ گئے ، جس کے باعث اسپتال میں بھی صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کو منتشر کیا اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا۔ روہڑی پولیس کے مطابق واقعے کے سلسلے میں پولیس کی مدعیت میں ایک جبکہ بھارو برادری کی جانب سے دوسری ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ گرفتار پانچوں افراد کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments