گرفتار 2منشیات فروشوں کا چالان پیش نہ کرنے پرہائیکورٹ برہم
عدم پیشی پرتفتیشی افسر کوہتھکڑی لگوا دی، کارروائی کی ہدایت ،بوٹ بیسن سے گرفتار ملزمان کی ضمانت منظور
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے بوٹ بیسن سے گرفتار2 ملزمان کیخلاف منشیات برآمدگی کے مقدمے میں تفتیشی افسر کی عدم پیشی اور 5ماہ بعد بھی چالان پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر ناصر خان کو ہتھکڑی لگوا دی۔ عدالت نے دونوں ملزمان فیصل اور یعقوب کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ کو تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کے روبرو بوٹ بیسن کے علاقے سے گرفتار دوملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران کیس کے تفتیشی افسر ناصر خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے بوٹ بیسن تھانے کے تفتیشی افسر کوہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کرنیکا حکم دیا۔ بعد ازاں تفتیشی افسر کوہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ طلبی کے باوجود وہ پیش کیوں نہ ہوئے ، چالان کیوں پیش نہیں کیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کارکردگی پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا وردی کابھوت دماغ پر سوار ہوگیا ہے ؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مالی مسائل کی وجہ سے چالان جمع نہ کروا سکا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان جیل میں پڑے ہیں اورتفتیشی افسر چالان ہی جمع نہیں کروارہا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کودو، دو لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments