باندھی:مافیا کا راج، کروڑوں کی سرکاری اراضی پر تعمیرات جاری
ٹاؤن کمیٹی کی نئی تعمیر شدہ عمارت، رحمن آباد پبلک پارک کے عقب میں قیمتی زمین پر قبضہ شہریوں میں شدید تشویش، اسسٹنٹ کمشنر دوڑ، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد سے نوٹس کا مطالبہ
باندھی (نامہ نگار) باندھی شہر میں مبینہ قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی قیمتی سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر بااثر افراد کی سرپرستی میں قبضے کرکے تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث قبضہ مافیا کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق ٹاؤن کمیٹی باندھی کی نئی تعمیر شدہ عمارت کے اطراف اور رحمن آباد میں نو تعمیر شدہ پبلک پارک کے عقب میں موجود قیمتی سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر قبضہ کرکے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ شہری حلقوں نے الزام عائد کیا کہ بعض بااثر عناصر کی پشت پناہی کے باعث سرکاری زمینوں پر قبضے کا سلسلہ جاری ہے ، جس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے بلکہ مستقبل میں شہریوں کے لیے مختص عوامی سہولیات کی زمین بھی ختم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔
شہریوں، سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر دوڑ اور ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد (نوابشاہ)سے مطالبہ کیا کہ باندھی شہر میں سرکاری اراضی پر مبینہ قبضوں کا فوری نوٹس لیا جائے ، سرکاری ریکارڈ کے مطابق زمینوں کی نشاندہی کرائی جائے اور جہاں بھی غیر قانونی قبضہ یا تجاوزات ثابت ہوں انہیں فوری طور پر ختم کرکے سرکاری اراضی واگزار کرائی جائے ۔شہریوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص سرکاری املاک پر قبضہ کرنے کی جرات نہ کرسکے ، اگر انتظامیہ نے کارروائی نہ کی تو وہ وکلا سے مشاورت کے بعد عدالت سے رجوع کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments