حسن اسکوائرسے نیپا جانے والا راستہ تاحال بند،ٹریفک کی روانی متاثر
کراچی (این این آئی)یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام کے باعث حسن اسکوائرسے نیپا جانے والا راستہ تاحال نہیں کھولا جاسکا، جس کے باعث شہریوں، طلبہ، تاجروں اور روزانہ سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل تعمیراتی کام کے باعث راستہ بند کیا گیا تھا، جبکہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے کٹ پر سیمنٹ کی رکاوٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ راستہ بند ہونے کے باوجود متبادل راستوں کی مناسب نشاندہی نہیں کی گئی۔یونیورسٹی روڈ پر طویل عرصے سے جاری تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک جام، گرد و غبار اور سڑک پر گڑھوں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق نیپا سے یونیورسٹی اور 13 ڈی کی جانب جانے والا راستہ بھی کئی ماہ سے بند ہے ۔ ٹرانس کراچی کی جانب سے 15 ستمبر کو راستے کھولنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، تاہم تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن بس منصوبے کی تعمیر میں تاخیر کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ، جبکہ منصوبے کی تکمیل کے لیے جون 2027 کا ہدف مقرر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments