عوام مہنگائی ،حکومتی پالیسیوں سے تنگ آچکے ،کاشف سعید
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیرقیادت سپر ٹرین مارچ اور باب الاسلام سندھ میں کراچی تا گھوٹکی ٹرین مارچ کا فقیدالمثال استقبال ظالم حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔
سندھ کے عوام نے جس جوش و جذبے کے ساتھ ٹرین مارچ کا استقبال کیا، اس سے واضح ہوگیا کہ عوام بھاری ٹیکسوں، مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا ٹرین مارچ میں عام کارکنان کے ساتھ اکانومی کلاس میں سفر کرنا پوری سیاسی قیادت کیلئے ایک مثال ہے ۔ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کے درمیان کوئی تفریق نہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام اور کارکنان جماعت اسلامی کی جدوجہد کو اپنا مقدمہ سمجھتے ہیں۔ لیوی بھتہ کے خاتمے تک جماعت اسلامی کے دھرنے ، لانگ مارچ اور احتجاج جاری رہیں گے ۔ یہ کسی فرد یا جماعت کا ذاتی ایجنڈا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں شدید گرمی اور حبس کے باوجود جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران نے ٹرین مارچ کی کامیابی اور عوامی رابطہ مہم کیلئے جس حوصلے کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے ۔کاشف سعید شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں مختلف مقامات پر ٹرین مارچ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا انتہائی شرمناک ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments