کمشنر میرپور خاص کا ڈائیلاسز سینٹر کادورہ، مختلف شعبوں کامعائنہ
زیر علاج مریضوں کی عیادت، شہمیر بھٹو نے طبی سہولتوں سے متعلق دریافت کیا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ )کمشنر شہمیر خان بھٹو نے اولڈ سول ہسپتال میں ڈائیلاسز سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، ایڈیشنل کمشنر ٹو افشاں شیخ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سندیپ کمار بھی ان کے ہمراہ تھے ۔دورے کے دوران کمشنر نے ڈائیلاسز سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر کمشنر شہمیر خان بھٹو نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد ڈائیلاسز سینٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور اسے درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہے ۔بعد ازاں کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر نیو سول ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تزئین و آرائش کئے گئے میل اور فیمیل ایمرجنسی وارڈز، بچوں کے وارڈ سمیت ہڈیوں کے وارڈ، دل کے وارڈ سمیت ہسپتال کے دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گیس سلنڈروں کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتی جائے اور اس حوالے سے مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔میڈیا کی جانب سے سول ہسپتال میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری آ رہی ہے ، ڈاکٹرز اور طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اسپتال کی ترقیاتی اسکیم کو بھی نظرثانی کروایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments