سہون:گرلز ہائی اسکول جھانگارا کا تعمیراتی کام تعطل کاشکار
طالبات لڑکوں کے اسکول میں عارضی طور پر تعلیم حاصل کرنے پر مجبوربنیادی سہولیات کا فقدان، ایس ایم سی فنڈ میں خورد برد کی بھی اطلاعات
سہون شریف (نمائندہ دنیا )سہون تعلقہ کے پسماندہ علاقے جھانگارا میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی تعمیر کا کام تعطل کا شکار ہے ، جس کے باعث طالبات لڑکوں کے اسکول میں عارضی طور پر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، عارضی اسکول میں پینے کے صاف پانی، واش رومز، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ ان کی تعلیم بھی متاثر ہو رہی ہے ، اطلاعات کے مطابق عملے کے بیشتر افراد مبینہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے ہیں۔ ہیڈ مسٹریس بھی ہفتے میں صرف تین دن ڈیوٹی پر آتی ہیں، جبکہ باقی دنوں میں ان کی غیر حاضری پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، ایس ایم سی کے فنڈ میں بھی خورد برد کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب گریڈ ایک سے چار تک بھرتی نئے ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ ہیڈ مسٹریس مبینہ ان سے رقم وصول کرنے کے بعد سروس بک، ایف او ون سمیت مختلف ضروری فائلوں پر دستخط کرتی ہیں، جس کے باعث چھوٹے ملازمین میں بے چینی ہے ، ان الزامات کے بعد اسکول کی انتظامی کارکردگی، عملے کی حاضری اور تعلیمی نظام کی نگرانی کے حوالے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، تعلیمی ماہرین اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کی عدم توجہی کے باعث اسکول کی صورتحال خراب ہو رہی ہے اور طالبات کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ اس معاملے پر مؤقف لینے کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جھانگارا کی ہیڈ مسٹریس سے بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments