چھ تعمیراتی ٹھیکوں پر حکم امتناع جاری ،عدالت کا فوری کام روکنے کا حکم

چھ تعمیراتی ٹھیکوں پر حکم امتناع جاری ،عدالت کا فوری کام روکنے کا حکم

کے ایم سی کے ٹینڈرز میں اقربا پروری اور غیر شفاف طریقہ کار اختیار کیا گیا، درخواست گزار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تین ارب 20 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کے چھ ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست پر چھ تعمیراتی ٹھیکوں پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ان پر فوری کام روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے میئر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام سے 18 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست چار تعمیراتی کمپنیوں کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔ درخواست گزار کمپنیوں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کے ایم سی کے ٹینڈرز میں جانبداری، اقربا پروری اور غیر شفاف طریقہ کار اختیار کیا گیا۔

قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود درخواست گزاروں کی بولیاں مسترد کردی گئیں۔ چھ ٹینڈرز کی مجموعی مالیت تقریباً تین ارب 20 کروڑ روپے ہے جبکہ درخواست گزار کمپنیوں کو تمام ٹینڈرز میں یکساں طور پر نظرانداز کرنا جانبدارانہ کارروائی کا ثبوت ہے ۔ وکیل کے مطابق بولیوں کی جانچ کے عمل میں سندھ پبلک پروکیورمنٹ ایکٹ اور رولز 2010 کی خلاف ورزی کی گئی اور کمپنیوں کو نااہل قرار دینے کی وجوہات اور تفصیلی احکامات بھی جاری نہیں کیے گئے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹینڈرز کی کارروائی اور حتمی منظوری روکنے اور پہلے سے منظور شدہ بولیوں کو غیر مؤثر قرار دینے کا حکم دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...