سانگھڑ کا تاریخی رانی باغ کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا

سانگھڑ کا تاریخی رانی باغ کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا

جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، بلدیہ عملہ بھی کچرا یہیں پھینکتا ہے ، شہری

سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سانگھڑ کا تاریخی رانی باغ کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا، شہر میں واقع رانی باغ، جو کبھی بچوں، خواتین اور مردوں سمیت شہریوں کے لیے ایک بہترین تفریح گاہ ہوا کرتا تھا، آج انتظامی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ تقریباً 20 سے 25 سال قبل رانی باغ اپنی خوبصورتی، سرسبز ماحول اور پُرسکون فضا کے باعث شہریوں کی توجہ کا مرکز تھا، جہاں خاندان اپنے بچوں کے ہمراہ تفریح کے لیے آیا کرتے تھے ، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ خوبصورت مقام کچرا کنڈی میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ رانی باغ کی موجودہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے ، جہاں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔ شہریوں کے مطابق بلدیہ کا عملہ شہر بھر سے جمع ہونے والا کچرا لا کر اسی مقام پر پھینکتا ہے ، جبکہ گٹروں کا پانی بھی باغ میں داخل ہو رہا ہے۔

یہاں کا ماحول آلودہ ہو چکا، یہ مقام آوارہ کتوں کی آماجگاہ بھی بن گیا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ سانگھڑ جیسے ضلع ہیڈکوارٹر شہر میں شہریوں، بالخصوص بچوں اور خواتین کے لیے کوئی مناسب فیملی پارک موجود نہیں، جہاں خاندان سکون اور تحفظ کے ساتھ کچھ وقت گزار سکیں۔ ایک جانب شہریوں سے صاف ستھرے ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وعدے کیے جاتے ہیں تو دوسری جانب شہر کی ایک سابقہ خوبصورت تفریح گاہ کو کچرا پھینکنے کی جگہ بنا دیا گیا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ، چیئرمین میونسپل کمیٹی اور متعلقہ بلدیاتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رانی باغ کو کچرے سے پاک کیا جائے ، گندے پانی کی آمد فوری بند کی جائے ، اور اسے دوبارہ ایک خوبصورت فیملی پارک میں تبدیل کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...