نفرتوں کوہوا نہ دی جائے ، ملک کواستحکام کی ضرورت، خورشید شاہ
نئے صوبوں سے متعلق ایسی باتوں سے گریز کیا جائے ، جن سے نفرتیں پھیلیںہم نہیں چاہتے ملک کے حالات مزید خراب ہوں، جامعہ اروڑ سکھر میں خطاب
سکھر(بیورو رپورٹ)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور ایم این اے سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نفرتوں کو ہوا نہ دی جائے ، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے ، سندھ میں نئے صوبوں سے متعلق ایسی باتوں سے گریز کیا جائے جن سے سیاسی کشیدگی اور نفرتوں میں اضافہ ہو۔ ہم نہیں چاہتے کہ ملک کے حالات مزید خراب ہوں۔ اروڑ یونیورسٹی سکھر میں منعقدہ تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو بہتری اور ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ بلاول بھٹو زرداری بھی واضح کر چکے ہیں کہ سیاسی معاملات کو اس نہج پر نہ لایا جائے جہاں لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کافی عرصے بعد نفرتوں کا خاتمہ ہوا ہے ، دوبارہ نفرتیں پھیلانے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔
پاکستان نے قیام سے لے کر آج تک مشکل حالات دیکھے ہیں، اب ملک کو استحکام اور بہتری کی ضرورت ہے ۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی ملک کی بہتری چاہتے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ ملک میں امن اور استحکام کیلئے تمام سیاسی رہنماؤں کو مل کر کوششیں کرنی چاہئیں، اس موقع پر سید خورشید احمد شاہ نے اروڑ یونیورسٹی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر زاہد حسین کنڈ نے خورشید احمد شاہ کو یونیورسٹی کی ترقی، تعلیمی معیار اور داخلوں سے متعلق بریفنگ دی،خورشید شاہ نے وائس چانسلر کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments