سکھر:بدنام زمانہ ڈاکو عمر مہر پولیس سے مقابلے میں مارا گیا
ملزم اغوا تاوان، ڈکیتی، قبائلی تصادم کوہوا دینے ودیگر مقدمات میں مطلوب تھاپولیس، حساس ادارے کا تعاون جرائم کے خاتمے میں معاون، ترجمان وزیرداخلہ
سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک، بیورو رپورٹ) بدنامِ زمانہ ڈاکو محمد عمر مہر سکھر پولیس کے ساتھ ہونے والے ایک مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں عمر مہر مارا گیا، وہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوا۔ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی۔ محمد عمر مہر سکھر، روہڑی اور گڑھی یاسین سمیت مختلف علاقوں میں اغوا برائے تاوان (خصوصاً کمسن بچوں کے اغوا)، ڈکیتی، موٹر سائیکل چھیننے ، منشیات، اسلحے کی خرید و فروخت اور پولیس پر حملوں کے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ اس پر مہر اور جتوئی قبائل کے درمیان تنازع کو ہوا دینے کا بھی الزام تھا۔
ترجمان وزیر داخلہ و قانون سندھ کے بیان کے مطابق سکھر پولیس کی وفاقی حساس ادارے کے تعاون سے کامیاب کارروائی کے دوران بدنام زمانہ ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک کئے جانے پر وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیائالحسن لنجار نے سکھر پولیس ، ڈی آئی جی سکھر،ایس ایس پی سکھر اور پوری پولیس ٹیم کو شاباشی دی اوروزیر داخلہ سندھ کی جانب سے وفاقی سول حساس ادارے کی معاونت اور پیشہ ورانہ تعاون کو بھی سراہا گیا، ان کا کہنا تھا کہ سکھر پولیس اور وفاقی حساس ادارے کا مشترکہ تعاون جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں میں قابلِ تحسین ہے ،بدنام زمانہ ڈاکو محمد عمر مہر کو کیفرکردار تک پہنچانا سکھر پولیس کی اہم کامیابی ہے ،ہلاک ڈاکو کے خلاف مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات کا اندراج اس کے مجرمانہ پس منظر کا ثبوت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments