پریس کلب کی احسن چانڈیو پر حملے کی مذمت، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
کراچی(سٹی ڈیسک)کراچی پریس کلب کے قائم مقام صدر ارشاد کھوکھر، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے پریس کلب کے رکن احسن چانڈیو پر گلشن چورنگی کے قریب ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پریس کلب سے جاری بیان میں عہدیداروں نے کہا کہ شہر کے مصروف علاقے میں صحافی پر تشدد کا واقعہ تشویش ناک ہے ۔ صحافیوں کے تحفظ اور انہیں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے احسن چانڈیو سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب اس معاملے پر ان کے ساتھ کھڑا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کرائی جائیں، علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی جائے اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات کرنے چاہییں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments