ستھرا پنجاب ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا:وزیر بلدیات
انتظامی نگرانی ڈویژن سے ضلع سطح پر آنے کے اچھے نتائج نکلیں گے
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت نوتشکیل شدہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے پہلے باضابطہ اجلاس کے دوران درپیش چیلنجز کے حل اور کمپنیوں کے اثاثے اتھارٹی کو منتقل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین، پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی جلد تمام معاملات سنبھال لے گی۔ انتظامی نگرانی ڈویژن سے ضلع سطح پر آنے کے اچھے نتائج نکلیں گے ۔ اتھارٹی کے تحت ہر ضلع میں سُتھرا پنجاب ایجنسی قائم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سُتھرا پنجاب شکوک و شبہات کے برعکس ایک مضبوط نظام بن چکا ہے ۔ وزیراعلی مریم نواز کی زیر سرپرستی وسائل کا شفاف استعمال کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ دنیا بھر میں سُتھرا پنجاب کو ایک منفرد ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ الحمدللہ ہم سیکھتے سیکھتے اب سکھانے والے بن گئے ہیں۔ فوربز، بلومبرگ کے بعد بی بی سی نے سُتھرا پنجاب کو گیم چینجر قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی شہر برمنگھم نے صفائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے پنجاب سے رابطہ کیا ہے ۔