پتنگ بازی کیخلاف درخواست، جواب الجواب داخل کرانیکی ہدایت

پتنگ بازی کیخلاف درخواست، جواب الجواب داخل کرانیکی ہدایت

حکومت و دیگر فریقین کے جوابات ہائیکورٹ میں جمع ،سماعت 5 جنوری تک ملتوی

 لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اویس خالد نے کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 اور حکومت کی جانب سے پتنگ بازی کی اجازت کے خلاف دائر درخواست پر درخواست گزار کو 5 جنوری تک جواب الجواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔عدالت میں صوبائی حکومت، ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس اور ڈی جی والڈ سٹی نے اپنے جوابات جمع کرا دیئے ۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ حکومتِ پنجاب نے پنجاب اسمبلی کی موجودگی میں آرڈیننس جاری کیا، جو آئینی تقاضوں کے منافی ہے ۔درخواست گزار کے مطابق ماضی میں پتنگ بازی کے باعث متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ سپریم کورٹ بھی پتنگ بازی کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے ۔ درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ پتنگ بازی کی اجازت سے شہریوں کی دوبارہ ہلاکتوں کا امکان ہے ۔ آئین ہر شہری کو جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ، لہٰذا عدالت کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 اور پتنگ بازی کی اجازت سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں